کارکنان کے لیے دس ہدایات
امام سید حسن البناء شہید رح
* حالات خواہ کیسے ہی ہوں جب اذان کی آواز تیرے کانوں میں پڑے، تو نماز کے لیے اٹھ کھڑا ہو۔
* تو قرآن کی تلاوت کر یا اس کا بغور مطالعہ کر یا اسے دوسرے سے سن۔ بہر حال تو اپنے وقت کا کوئی حصہ بھی بے فائدہ کام میں مصروف نہ کر۔
* فصیح اور صاف ستھری عربی زبان میں گفتگو کرنے کی کوشش کر، یہ کام بھی شعائر اسلام میں سے ہے۔
* معاملہ خواہ کسی نوعیت کُا ہو، اس میں زیادہ بحث و مجادلہ سے کام نہ لے، کیوں کہ بحث و مجادلہ سے بہتر نتیجہ برآمد نہیں ہوتا۔
* زیادہ نہ ہنس، جو دل خدا سے وابستہ ہو، وہ بے حد پر سکون اور غرق طمانیت ہے۔
* سننے والے کی ضرورت سے زیادہ آواز بلند نہ کر، اس میں رعونت بھی ہے اور دوسرے کے لیے اذیت بھی۔
* مسخرہ پن اختیار نہ کر، مجاہد قوم سنجیدگی کے سوا کسی چیز سے آشنا نہیں ہوتی۔
* لوگوں کی غیبت اور جماعتوں میں طعن و تشنیع سے بچ اور خیر کے سوا تیری زبان سے کوئی لفظ نہ نکلے۔
* جس رفیق سے بھی تیری ملاقات ہو، اس سے تو اپنا تعارف کر، خواہ اس نے خواہش کا اظہار کیا ہو یا نہ کیا ہو، کیوں کہ ہماری دعوت کی بنیاد محبت اور تعارف پر استوار ہے۔
* فرائض اوقات سے زیادہ ہیں، لہذا تو اپنے رفقاء کی بھی بھرپور مدد کر تاکہ وہ اپنے اوقات سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکیں اور تیرے ذمہ کوئی خاص مہم ہو تو اسے کم سے کم وقت میں پایۂ تکمیل تک پہونچا۔۔